امیر البحرظفر محمود کو برطانوی رائل نیول میڈل سے نوازا گیا

310
کراچی: نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی برطانوی نیوی کمانڈ ہیڈ کوارٹر کے دورے پر گارڈ آف آنر کا معائنہ کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے رائل نیوی کے فرسٹ سی لارڈ، اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (شپس) سے ملاقات کی‘ اس دورے کے دوران نیول چیف کو برطانوی رائل نیول کالج میڈل سے بھی نوازا گیا۔ نیول چیف نے اسٹرٹیجک راؤنڈ کانفرنس میں شرکت کی اور برطانیہ کے نیشنل میری ٹائم انفارمیشن سینٹر ، برٹش تھِنک ٹینک اور انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹرٹیجک اسٹڈیز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خطاب بھی کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے وزارت دفاع میں فرسٹ سی لارڈ ایڈمرل ٹونی راڈکین، اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (شپس) رئر ایڈمرل جم ہیغام اورچیپلین آف دی فلیٹ مارٹن جان گوف سے نیول کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقاتوں کے دوران معزز شخصیات نے میری ٹائم سیکورٹی، باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ بحری تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی نیول چیف نے خطے میں میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ معز ز شخصیات نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکورٹی میں معاونت پر پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کے اعزاز میں بحری جہاز ایچ ایم ایس وکٹری پر عشائیہ بھی دیا گیا جہاں فرسٹ سی لارڈ ایڈمرل ٹونی راڈکین کی جانب سے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو برطانیہ رائل نیول کالج میڈ ل تفویض کیا گیا۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایچ ایم ایس ڈائمنڈکا بھی دورہ کیا۔