بدھ مت کے پیرو کاروں کو ہر ممکن سہولیات دینگے ، شاہ محمود قریشی

440
اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بیلٹ اینڈ روڈ کے موضوع پر عالمی کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے،بدھ مت کے پیرو کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔یہ بات انہوں نے جنوبی کوریا کے بدھ جوگی سلسلے کے ممتاز رہنما وان ہینگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی، سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے جوگی سلسلے کے اعلیٰ سطحی وفد کو بتایا کہ پاکستان مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے اور یہی ہمارے مذہب اسلام کی تعلیمات ہیں،دنیا بھر میں سکھ مذہب کے پیروکاروں کو ان کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے گردوارہ تک رسائی دینے کے لیے ہم نے کرتارپور راہداری کو کھول دیا ہے۔بدھ جوگی وان ہینگ نے وزیر خارجہ کو جوگی سلسلے کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ جوگی سلسلہ جنوبی کوریا میں بدھ مذہب کا سب سے بڑا سلسلہ ہے۔علاوہ ازیں مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا 10واں اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت بدھ کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سابقہ خارجہ سیکرٹریز، سفراء، ماہرین بین الاقوامی امور سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، اقتصادی و ثقافتی سفارتکاری سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اقتصادی سفارتکاری کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آنے کے بعد ہم نے اب ثقافتی سفارتکاری کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کو انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں بیلٹ اینڈ روڈ کے موضوع پر منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے پر عزم ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ 6 سال میں اقتصادی تعاون و عالمگیریت کے واحد عنصر کے طور پر ابھر کر سامنے آیا، توانائی اور انفرااسٹرکچر سے متعلق منصوبوں کی تکمیل ہماری معیشت کے لیے سود مند ثابت ہوئی ہے۔