سی پی این ای کی اخبار اسٹالز مسمار اور اخبارات قبضے میں لینے کی مذمت

130

کراچی ( پ ر) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے کراچی میں پولیس اور شہری انتظامیہ کی جانب سے اخبار فروشوں کے اسٹالزکو ہٹانے، مسمار کرنے اور اخبارات قبضے میں لینے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی غلط تشریح
کی جا رہی ہے اور اس کی آڑ میں کئی دہائیوں سے سرکاری فیس ادا کرنے والے اخبار فروشوں کے قانونی اسٹالز کو بھی ناصرف ہٹایا جا رہا ہے بلکہ اکثر مقامات پر انہیں مسمار بھی کر دیا گیا ہے۔ سی پی این ای عہدیداران نے کہا کہ انہیں اخبار فروش رہنمائوں سے یہ معلومات موصول ہوئی ہیں کہ بدھ کے روز بھی قائدآباد، لیمارکیٹ اور پاک کالونی سمیت دیگر علاقوں میں ان اسٹالز کو مسمار کر کے اخبارات بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ سی پی این ای عہدیداران نے میئرکراچی وسیم اختر، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی غلام نبی میمن سے مطالبہ کیا ہے کہ اخبار فروشوں کے قانونی اسٹالز کے خلاف جاری ظالمانہ کارروائی فی الفور روکی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا انڈسٹری خصوصا پرنٹ میڈیا پہلے ہی شدید مالی بحران کا شکار ہے اور اخبارات کے لیے اپنا وجود برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے‘ ایسے میں یہ کارروائیاں پرنٹ میڈیا کا وجود ختم کرنے کے مترادف ہیں۔