حکومت نے نواز شریف کو باہرجانے کی اجازت دی اب ساری ذمہ داری عدالتوں پر ڈال رہی ہے،سراج الحق

324

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت نے خود نواز شریف کو باہر بھیجنے کی اجازت دی اور اب اسکی سار ی ذمہ داری عدالتوں پر ڈال رہی ہے۔

واہ کینٹ ملپوربجاڑ خیر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت محض بول بچن سے کام چلا رہی ہے،اس کی کارکردگی بالکل صفر ہے ،حکومت کے تمام وعدے جھوٹ کا پلندہ نکلے،سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکومت میں کوئی فرق نہیں ،سب ایک ہی در کے ملنگ ہیں، غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، حکمرانوں کو اس کا ادراک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو باہر بھیجنے کا مسئلے میں حکومت ذمہ دار بننے کو تیار نہیں جبکہ اجازت بھی خود دی،اور اب ساری ذ مہ داری عدالتوں پر ڈالنا چاہتی ہے،سارا نظام جھوٹ کی بنیاد پر چل رہا ہے،مولانا کے اسلام آباد دھرنے میں ثواب سب کو ملا،پہلے کہا تھا حکومت نے سب کچھ طے کر رکھا ہے مگر ذمہ داری قبول کرنےکوتیار نہیں ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صرف خیالی پلاؤ پکا رہی ہے،نا اہل حکمرانوں نے عوام کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے ، حکومت کے تمام وعدے جھوٹے نکلے،پی ٹی آئی ماضی کی حکومتوں کے تسلسل کے سوا کچھ نہیں،سب کا ایک ہی اسٹیٹس کو ہے،اللہ تعالیٰ موجودہ حکومت کو ہدایت عطا فرمائے۔