ایف 35 پر امریکی ہٹ دھرمی برقرار رہی تو متبادل دیکھیں گے،ترکی

271
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اِردوان حکمراں جماعت کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے معاملے میں عدم مصالحت پر مبنی رویہ برقرار رہنے کی صورت میں ترکی کسی متبادل کی تلاش پر مجبور ہو جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر اِردوان نے ترک پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بارے میں بتایا کہ ہم باہمی مذاکرات میں دونوں ممالک کے مابین اختلافات کا حل نہیں نکال سکے تاہم درپیش مسائل کو انقرہ اور واشنگٹن کے تعلقات پر اثر انداز نہ ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگی طیاروں کے حوالے سے امریکا کا موجودہ موقف جاری رہا تو ہم اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے کوئی دوسرا راستہ اختیار کریں گے۔ ترک صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد تنظیم وائی پی جی ؍ پی کے کے کو داعش کے خلاف جنگ کرنے والے عنصر کے طور پر پیش کرنے کے بعد آج اسی تنظیم کی جانب سے شہریوں کے قتل عام کے واقعات پر پردہ ڈالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کو دہشت گردی کے خطرات سے مکمل طور پر نجات دلانے تک ہم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف نبرد آزما رہیں گے۔