چین: کوئلے کی کان میں دھماکا‘ 15 مزدور ہلاک

213
بیجنگ: چین میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں لاشیں باہر نکال کر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کررہی ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں کوئلے کی ایک کان میں دھماکے کے نتیجے میں 15 کان کن ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔ شین ہوا خبر رساں ادارے کے مطابق ملک کے شمالی صوبے شانشی کی تحصیل پنگیاو میںکوئلے کی کان میں گیس بھرنے کے باعث خوفناک دھماکا ہوا، جس سے کان مکمل طور تباہ ہوگئی اور کئی کان کن ملبے تلے دب گئے۔ امدادی اداروںنے فوری کارروائی کرتے ہوئے 11 کان کنوں کو ملبے سے نکالا اور 15لاشیں بھی بازیاب کرلیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 2کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 11 کان کن دھماکے کے وقت خارجی راستے کے قریب موجود تھے، جس کی وجہ سے وہ جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ بعدا زاں انہوں نے امدادی اداروں کوفون کرکے حادثے کی اطلاع دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ کان میں موجود تمام افراد کو زندہ یا مردہ حالت میں بازیاب کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چین میں کان کنی کی صنعت منافع بخش کاروبار ہے، تاہم سہولیات اور احتیاطی تدابیر کے شدید فقدان کے باعث دنیا کے 80 فیصد حادثے چین کی کانوں میں ہوتے ہیں۔