سندھ کے وزرا اپنا قبلہ درست کرلیں، بلاول کا ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی

445

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے سندھ کابینہ کے بعض ارکان کی خراب کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے وزرا کو ناقص کارکردگی پر کھری کھری سنادیں، جیالے وزرا کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سندھ کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کا بھی اشارہ دیا ہے۔ بلاول زرداری نے سندھ اسمبلی کا دورہ کیا اور سندھ کابینہ کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پروزراء ،معاونین خصوصی اور مشیروں نے کارکردگی رپورٹ پیش کی تو بلاول زرداری نے وزرا کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لے لیا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ بعض کابینہ ارکان کی ناقص کارکردگی ان کی سیاسی جدوجہد پر پانی پھیر رہی ہے، کابینہ ارکان اپنا قبلہ درست کریں لیں، ایک ماہ میں تمام وزرا اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ورنہ میرے پاس بہت سے آپشن موجود ہیں، اب زیادہ برداشت نہیں کروں گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زردای نے وزرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کاموں اور ذاتی تشہیر کے بجائے اپنی توجہ حلقوں اور محکموں پر مرکوز کریں، اجلاس کے دوران بلاول نے بلدیات اور صحت کے محکموں کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کچھ وزرا کو نام سے مخاطب کر کے کارکردگی بہتر بنانے کی تاکید کی ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر سندھ حکومت مزید اسکیمیں لائے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ ٹو انرجی پروجیکٹ کو جلد از جلد شروع کیا جائے۔چیئرمین پی پی نے مٹھی اور اسلام کوٹ کے آر او پلانٹس کو فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔بلاول نے کراچی کے ٹرانسپورٹ کے مسائل اورترقیاتی منصبوں کی تفصیلات معلوم کرتے ہوئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ تھرپارکر میں بارشوں کے بعد بحالی کے کام کو تیز ترکیا جائے اورمتاثرین کوفوری ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وفاق سندھ کو جائزحصہ نہیں دے رہا اب توپی ٹی آئی کے اتحادی پیرپگاڑا بھی بول پڑے ہیں ،ایم کیوایم نے بھی کہا ہے کہ 162ارب نہیں دیے جارہے ہیں۔
بلاول زرداری