تبدیلی کے دعوے دھوکا ثابت ہوئے،عوام پر زندگی تنگ ہوگئی‘ حسین محنتی

448

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت نے عوام کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے، تبدیلی کے دعوے دھوکا ثابت ہوئے، حقیقی تبدیلی اور عوام کے مسائل کا حل صرف قرآن وسنت کے نفاذ میں ہے، قرآن مجید ایک انقلابی کتاب ہے جس کی تعلیمات کو عام کرکے اپنے دلوں کو منور اور معاشرے کو امن وسکون کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ بولاخان کے قریب مقام کاپٹ کوہستان میں ادارہ نورالقرآن کے تحت منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا، قبل ازیں جلسے سے ادارے کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر نصراللہ لغاری،مولانا عبدالقدوس احمدانی،پروفیسر رئیس احمد منصوری اور امتیاز احمد بلیدی سمیت دیگر علماء کرام واساتذہ نے بھی خطاب کیا۔ ادارے کے تحت اس سال 25طلبہ نے ناظرہ قرآن کی تکمیل کی جس میں 3طالبات بھی شامل تھیں جن کی دستار بندی کی گئی۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ اس دور جدید میں بھی کاپٹ شہر کے عوام پانی اور صحت وتعلیم جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، یہی حال کراچی تا کشمور پورے سندھ کا ہے، دوسری طرف حکمران سندھ میں ترقی وخوشحالی کے دعوے کرتے نہیں تھکتے، جو حکمران سگ گزیدگی ویکسین اور آر او پلانٹس کا ڈیزل بھی ہڑپ کرجائیں ان سے خیر کی امید نہیں کی جاسکتی، مقامی رہنماء مولانا امتیاز احمد بلیدی نے کہا کہ شہر میں چند لوگ ہی پڑھے لکھے ہیں‘ تھانہ بولاخان اور سپرہائی وے کے قریب واقعے ہونے کے باوجود یہ شہر روڈ رستے،صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہے،ادارہ نورالقرآن کے تحت بچوں کو دینی ودنیاوی تعلیم دیکر ان کے دلوں کو منور کیا جارہا ہے،پروفیسر نصراللہ لغاری نے کہا کہ ادارہ نورالقرآن کے تحت کاپٹ سمیت علاقے کے دیگر دوردراز گوٹھوں میں بھی قرآن مرکز قائم کرکے قرآن کے پیغام کو عام کیا جائے گا۔
حسین محنتی