قرضہ تحقیقاتی کمیشن کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

519

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کاکہناہےکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قرضوں کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے کمیشن نے ابتدائی رپورٹ تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کردی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نےاپنے بیان میں کہا کہ بیرون ممالک سے لئے گئے قرضوں کی تحقیقات کےلئے قائم حکومتی کمیشن نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے، تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سابقہ 2ادوار میں کمیشن کی مد میں 30فیصد رقم کھائی گئی ہے،کرپشن کے نئے کیسز سامنے آنے والے ہیں اور یہ جو لوگ ہاری ، بیماری اور لاچاری کا شور مچا کرتے ہیں ، ان کا سورس کرپشن ہے۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے اپنے بیان میں وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ بھی دیا،انہوں نے کہا کہ کابینہ کی تبدیلی سے پہلے وزراءکو کارکردگی فارم بھیجاگیا ہے جبکہ حکومت نے 20سالہ تاریخ میں سب سے مشکل فیصلے کئے، کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ جاری رہے گا اور اچھا کپتان جانتا ہے کہ کس کو کہا ں کھیلنا ہے اور پاکستان کے پاس اب غلطی کی گنجائش نہیں ہے اور جمہوریت خیر و عافیت سے لندن روانہ ہو گئی ہے۔