قیدیوں کا تبادلہ : تین اہم طالبان رہنما رہائی کے بعد قطر پہنچ گئے

616

قیدیوں کے تبادلے پرعمل درآمدکرتے ہوئےافغان طالبان نے دو غیرملکی یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے ۔

افغانستان کی بگرام جیل میں قید طالبان کے تین رہنماء رہائی کے بعد قطر پہنچ گئے ہیں ،قطر پہنچنے والے طالبان رہنماؤں میں انس حقانی ،حاجی ملی خان اور حافظ راشد شامل ہیں، انس حقانی کو2014 میں خلیجی ریاست بحرین سے گرفتار کیا گیا تھا۔ طالبان کے اندرونی حلقوں میں ان رہنماؤں کو انتہائی اہم خیال کیا جاتا ہے۔ انس حقانی ، حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بیٹے اور موجودہ کمانڈر سراج الدین حقانی کے چھوٹے بھائی ہیں۔دوسری طرف افغان طالبان کی جانب سے رہا کیے گئے  دو پروفیسرز کابل کی امریکن یونیورسٹی سے وابستہ تھے ،مغوی امریکی پروفیسر تریسٹھ سالہ کیون کنگ اور50 سالہ آسٹریلوی ٹموتھی ویکس کو 2016 میں کابل سے اغوا کیا تھا، مغوی پروفیسروں کی دوبار ویڈیوز بھی جاری کی گئی تھی جس میں دونوں پروفیسروں نے اپنی حکومتوں سے رہائی کے لیے اقدامات کی اپیل کی تھی۔

واضح رہے کہ دونوں پروفیسروں کی رہائی کے لیے امریکی فوج نے ایک آپریشن بھی کیا تھا لیکن کارروائی کے مقام پر دونوں کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے امریکی فوج کو ناکامی ہوئی تھی۔

اس حوالے سے افغانستان میں موجود امریکی سفارت خانے کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔