ایمر جنگ ٹیمز ایشیا کپ ،پاکستان عمان کو ہراکر سیمی فانل میں

79
عجمان : ایمرجنگ ٹیمزایشیا کپ، پاکستانی بلے باز روحیل نذیرعمان کیخلاف شاٹ کھیلتے ہوئے

لاہور(جسارت نیوز)بنگلا دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے عمان کو 147 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ عمان کی ٹیم320رنز ہدف کے تعاقب میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔خوشدل شاہ نے 3، ثمین گل، محمد محسن اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں پاکستان نے 6وکٹوں کے نقصان پر319رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حیدر علی نے 118 ، روحیل نذیر نے 64،خوشدل شاہ54 رنز بنائے۔پیر کو کاکس بازار بنگلا دیش میں کھیلے گئے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پاکستان کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا۔عمیر بن یوسف 33 رنزبناکر آؤٹ ہوئے ، جس کے بعداوپنر حیدر علی اور کپتان روحیل نذیر کیدرمیان دوسری وکٹ کے لیے 107رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ حیدر علی نے 118 اور روحیل نذیر 64رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اختتامی اوورز میں مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے دھواں دھار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے24 گیندوں پر5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے54رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اننگز کی آخری 10 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ قومی ایمرجنگ ٹیم نے مقررہ اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر319رنز بنائے۔عمان کی جانب سے فیاض بٹ اور محمد ندیم نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔320 رنز کے تعاقب میں اومان کی بیٹنگ لائن اپ اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔ محمد حسنین اور ثمین گل کی نپی تلی بولنگ کی بدولت عمان کے ابتدائی 4 بلے باز محض 15 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ محمد ندیم 46 اورسندیپ 41 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی عمان کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 48ویں اوور میں 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خوشدل شاہ نے 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ثمین گل، محمد محسن اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ایونٹ میں مسلسل 3 کامیابیوں کے باعث قومی ایمرجنگ ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔