منورحسن و دیگر کی راشد نسیم سے بھائی کی وفات پرگھر جاکر تعزیت

253

کراچی/ لاہور (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن، نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم سے ان کی رہائش گاہ پر ان کے بڑے بھائی خالد شمیم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے مرحوم کی غلبہ دین کے لیے جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ مرحوم نے پوری زندگی ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔ انہوںنے کہاکہ اصل کامیابی آخرت کی کامیابی ہے اور یہ کامیابی ان لوگوں کے حصے میں آتی ہے جو اللہ اور رسول ؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے اللہ کی مخلوق کی خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بناتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کامیاب وہی ہے جو جہنم کی آگ سے بچا لیاگیا اور جنت میں داخل کردیا گیا ۔ ہم سب کو اپنی آخرت کو بنانے اور سنوارنے کے لیے اپنی زندگی کا ہر لمحہ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور حضورؐ کی اطاعت میں گزارنا ہوگا ۔ اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے سعد شمیم بھی موجود تھے۔