مشترکہ جدوجہد سے ادارے کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں، حیدرآباد چیمبر

164

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا ہے کہ اداروں کی ترقی مشترکہ جہد مسلسل سے ہوا کرتی ہے۔ اِسی اُصول کو مدِ نظر رکھتے ہوئے گذشتہ چار سال میں باہمی تعاون، رواداری اور یگانگت سے سب نے مل کر اِس چیمبر کو اِس سطح تک روشناس کرادیا ہے کہ ایک قلیل عرصے میں ایسی کامیابی بہت ہی کم اداروں کے حصے میں آتی ہے اِس میں بنیادی کردار ہمارے سرپرستوں کا ہے جن شبانہ روز محنت، لگن، مالی، قانونی اور اخلاقی معاونت کی شامل حال رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے بورڈ کی خواہش تھی کہ چیمبر کے مختلف اَمور کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اُن کے حل کے لیے دوسرے محکموں سے روابط اور تاجر و صنعتکاروں کو درپیش مسائل پیش کرانے کے لیے جو سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اُن میں ایسے ممبران کو کنونیئر شپ دی جائے جو متعلقہ فیلڈ میں آگاہی رکھتے ہوں اور وہ محنت سے کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں۔ اِس لیے بورڈ کی جانب سے آج بنائی گئیں سب کمیٹیوں کے لیے ایسے افراد کا انتخاب انتہائی اسکروٹنی کے بعد عمل میں لایا گیا ہے اور اِتنی بڑی تعداد میں موجود ممبران میں سے سب کمیٹیوں کی کنونیئر شپ کے لیے اہل اراکین میں سے انتخاب بڑا مرحلہ تھا جسے پوری تندہی سے عبور کرلیا گیا۔ اِس وقت جو کنونیئر حضرات منتخب ہو کر آئے ہیں وہ چیمبر کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اُن کو دِن رات محنت کرنا ہوگی اور چیمبر کی کامیابی میں مزید رنگ بھرنا ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ چیمبر کی ہر کمیٹی اہمیت کی حامل ہے اور سب کمیٹیوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ہرماہ میں ایک بار اپنا اجلاس بلائیں وقتاً فوقتاً دوسرے محکموں کے سربراہان کو چیمبر آنے کی دعوت دیں یا اُن سے اُن کے دفاتر میں پوری کمیٹی کے ساتھ ملیں اور معاملات حل کرائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہرماہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے فوری بعد سب کمیٹیوں کی پراگریس کے بارے میں تمام کنونیئرز حضرات سے کارکردگی رپورٹ بھی لی جایا کرے گی۔ وہ چیمبر کے کانفرنس ہال میں 48 سب کمیٹیوں کو تقرری کے خطوط تقسیم کرنے کے بعد اُن سے خطاب کررہے تھے۔ اِس موقع پر سینئر نائب صدر معیز عباس، نائب صدر محمد یاسین خلجی، سابق صدر محمد اکرم انصاری، سابق سینئر نائب صدر سلیم الدین قریشی، نومنتخب کنونیئرز سب کمیٹیز سکندر علی راجپوت، رمیز الدین احمد، سکندرمیمن، عبدالسلیم آرائیں، احمد ادریس چوہان، محمد شریف پونجانی، پرویز فہیم نوروالا، محمد ایوب شیخ، محمد الناصر، محمد فہد میاں، شان الٰہی سہگل، محمد الطاف میمن، جاوید حسین قریشی، محمد ادریس میمن، ڈاکٹر عبدالجبار، ذوالفقار احمد فاروقی، محمد اکرم آرائیں، ملک محمد یونس، محمد فرحان اقبال، عبدالحق، کشور کمار بھاٹیا، محمد نعیم شیخ، سہیل احمد قریشی، نوید انور دررانی، وسیم احمد قریشی، لیاقت علی شاہ، محمد کاشف، محمد سلیم خان، محمد اصغر خلجی، گرمکھداس، کشن چند، چودھری محمد اسلم، وشنو مل، ڈاکٹر موتی رام اور محمد اقبال عاربیانی موجود تھے۔