تیاریاں مکمل ‘ نوازشریف آج علاج کے لیے لندن روانہ ہوں گے

347

لاہور،اسلام آباد(نمائندگان جسارت)نواز شریف کے لندن جانے کی تیاریاں مکمل۔آج لندن روانہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی اور وہ آج لندن روانہ ہوں گے۔وزارت داخلہ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی لیکن ان کا نام بدستور ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل رہے گا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے پیر کو جاری آفس میمورنڈم 12/38/2018-ECL کے مطابق 13 نومبر2019ء کو جاری میمورنڈم کے تسلسل میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عبوری انتظام کے تحت محمد نوازشریف ولد میاں محمد شریف کو چارہفتوںکے لیے علاج کی غرض سے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ یہ فیصلہ لاہورہائی کورٹ کے 16 نومبر کو دیے گئے حکم کی تعمیل میں کیا گیاہے ۔ اس حوالے سے رٹ پیٹیشن میں محمدنوازشریف اورمحمد شہباز شریف نے انڈر ٹیکینگ بھی جمع کرائے گئے تھے۔ میمورنڈم میں محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے انڈرٹیکنگ اور عدالتی حکم نامے کے آپریٹو حصے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ میمورنڈم میں تمام متعلقہ افراد کو اس حوالے سے عمل درآمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔۔نواز شریف آج صبح 10 لندن بجے روانہ ہوں گے۔ ایوی ایشن زرائع کے مطابق قطر سے ائر ایمبولینس صبح پونے 9 بجے لاہور ائیرپورٹ پہنچ جائے گی جس کے لیے علامہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے تیاری مکمل کرلی ہے۔ ایئر ایمبولینس شریف خاندان کو لے کر حج ٹرمینل سے روانہ ہوگی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیراعظم کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی لندن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 40 ہزار تک ہوگئی ہے تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹروں نے نواز شریف کا طبی معائنہ جاری رکھا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سفر کرنے کے لیے پلیٹ لیٹس کو مزید بڑھانے کے لیے سٹیرائیڈ کی ہیوی ڈوز دی جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی تعداد کو 50 ہزار تک لایا جاسکے اور وہ بآسانی سفر کرسکیں۔ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔ ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف کا بلڈ شوگر اور بلڈ پریشر بھی کنٹرول سے باہر ہے۔ گزشتہ روز بھی ڈاکٹروں نے انکا لمحہ بہ لمحہ طبی معائنہ کیا اور ادویات میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے۔ مریم اورنگ زیب نے لیگی کارکنوں اور قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ سابق وزیر کی صحت کے لیے دعائیں کریں جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج لندن کے لئے روانہ ہونگے۔ ائرایمبولینس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی سہولت بھی موجود ہوگی جبکہ نواز شریف کے ساتھ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی ہوگی۔