اوکاڑہ : دریائے ستلج میں کشتی ڈوب گئی‘ 8افراد جاں بحق‘17کو بچالیا گیا

210

اوکاڑہ (اے پی پی)پاک بھارت سرحدکے نزدیک ملوکا شیخو کے مقام پردریائے ستلج میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے سے8 افراد جن میں 6 خواتین جن میں ایک ڈیڑھ سالہ بچی اور2 مرد شامل ہیں ڈوب کر ہلاک ہوگئے،مقامی افراد دریا پر پل نہ ہونیکی وجہ سے کشتی میں بیٹھ کر دریا عبور کرتے تھے، کشتی میں 30 کے قریب افراد سوار، 5 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان بھی رکھا گیا تھا۔ ریسکیو 1122 اوکاڑہ کے انچارج ظفراقبال نے اے پی پی کو بتایا کہ ریسکیو1122 اوکاڑہ کے علاوہ، پاک پتن، بہاولنگر کی ٹیمیں ، رینجر، پولیس ،غوطہ خوروں نے موقع پر پہنچ کر 7 لاشیں نکال لیں جبکہ ایک 12 سالہ بچی ارم کی تلاش جاری ہے ، 17 افراد اور 5 موٹر سائیکلوں کوریسکیو کرکے کلیئر کیا گیا۔گزشتہ پیر کی صبح تقریباً 30 افراد منچن آباد سے اوکاڑہ کی جانب ایک جنازہ میں شرکت کے لیے کشتی میں سوار ہوکر آرہے تھے کہ اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے کشتی کاایک تختہ ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں کشتی میں پانی بھرنا شروع ہوگیا اور کشتی میں سوار مسافروں میں افراتفری پھیلنے کے نتیجے میں ملوکا شیخو کے قریب کشتی الٹ گئی اور تمام افراد اور ان کے موٹر سائیکل اور دیگر سامان دریا میں بہہ گیا۔اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملنے پرڈپٹی کمشنر مریم خاں، اسسٹنٹ کمشنر دیپال پور خالد عباس،ڈی ایس پی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے اور موٹر بوٹ میں سوار ہوکر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی اور ٹی ایچ کیو اسپتال حویلی لکھا میں ایمر جنسی نافذ کردی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر دریا کے ارد گرد علاقوں میں کہرام مچ گیا۔پولیس نے بتایا کہ مقامی افراد دریا پر پل نہ ہونیکی وجہ سے کشتی میں بیٹھ کر دریا عبور کرتے تھے۔