جموں کشمیر، جرائم چھپانے کیلئےمسلم ممالک کےٹی وی چینلز پر پابندی عائد

422

سرینگر: بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور جرائم کو چھپانے کیلئےمسلم ممالک کے ٹی وی چینلز پر پابندی عائد کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے مقبوضہ کشمیر میں کیبل آپریٹرز کو پاکستان، ترکی، ملائیشیا، سعودی عرب اور ایران کے چینلز کو نشر کرنے سے روک دیا ہے۔ بھارتی حکومت نے یہ بھونڈا جواز پیش کیا کہ وادی میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئےایسا کرنا ضروری ہے۔

بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کے جوائنٹ سکریٹری وکرم سہائے نے کیبل آپریٹروں کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ مسلم ممالک خصوصا ایران، ترکی اور ملائیشیا کے چینلز نشر کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، ان چینلز کو دیکھانے پر کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی.

بھاعت کی جانب سے جن چینلز پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں سعودی عرب کے العربیہ چینل، ترکی کا ٹی آر ٹی، ایران کا سحر ٹی وی اور پریس ٹی وی شامل ہیں جبکہ بھارتی حکام نے ملائیشیا کے چینلز بھی نشر نہ کرنے کی بھی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔

یاد رہے کہ بھارت  نے رواں سال 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ہے جس کے بعد سے وہاں حالات کشیدہ صورتحال اختیار کرگئے ہیں جبکہ کرفیو کو 105 دن گزر گئے ہیں ۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترکی اور ملائیشیا نے ڈٹ کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی تھی جس کے بعد سے بھارت کے ان ممالک سے تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔