کوئٹہ ،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے2 سگے بھائی قتل

124

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ جناح ٹائون کے علاقے کلی شابو میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے دو افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں 45 سالہ دوران خان ولد شادیان خان اور 25 سالہ عبدالعزیز ولد شادیان خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، واقعہ کے بعد مقتولین کی لاشوں کو ایف سی اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا، ایس ایچ اور جناح ٹائون بابر بلوچ کے مطابق مسلح افراد نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ بازار سے گھر کی طرف جارہے تھے، دوران خان کو تین جبکہ عبدالعزیزکو چھے گولیاں لگی ہیں، جاں بحق ہونے والے دونوں سگے بھائی ہیں، واردات میں نائن ایم ایم کا استعمال کیا گیا ہے، واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں اے ایس آئی عبدالغفار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ درابن کے اے ایس آئی عبد الغفار تھانے کے ساتھ ہی ایک کرایہ کے کمرے میں رہائش پذیر تھے اور وہ اپنے کمرے میں موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے کمرے میں فائرنگ کردی۔ مقتول عبدالغفار کو قتل کرنے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔ واضح رہے کہ عبدالغفار اس سے پہلے مختلف مقامات پر تفتیشی افسر رہ چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں ملزمان نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا جبکہ رواں ماہ کے آغاز پر ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں بھی فائرنگ کر کے 4 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا گیا تھا۔ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ سے تین افراد زخمی جبکہ چار مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے محکمہ قدرتی آفات وبحالی کے ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان حالیہ بارشوں کے نتیجے میںلینڈ سلائیڈنگ سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا تعلق ضلع کوہستان کے گائوں کولی پالس سے ہے۔ زخمیوں میں سردار ایوب ولد تعلزیر، یوسف ولد گل اور اکرام اللہ ولد عزت خان کو پٹن اسپتال میں منتقل کیا گیا، جن کو بنیادی طبی امداد دی گئی جبکہ واقعے میں شدید زخمی ہونے والے یوسف ولد گل کو ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق حالیہ بارشوں سے ضلع سوات میں ایک گھر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل تباہ ہوا، اپر دیر میں ایک گھر مکمل تباہ جبکہ دو مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ پی ایم ڈی اے کے حکام نے حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کو کمبل، رضائیاں اور خیمے سمیت دیگر اشیا فراہم کی ہیں، جن میں برتن بھی شامل ہیں۔