ایف پی سی سی آئی  کے سالانہ انتخابات  27 دسمبر کو ہوں گے

76

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) تاجروں اور صنعت کاروں کی مرکزی فیڈریشن کے عہدیداروں کا سالانہ انتخاب 27 دسمبر کو ہوگا،
فیڈریشن کے سابق نائب صدر بزنس مین پینل کے ممبر ایگزیکٹو عبدالرحمن مرزا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس بار بزنس مین پینل انتخابات میں تاجروں کے مفادات کے منافی سرگرمیوں کے ذریعے فیڈریشن کو نقصان پہنچانے والا ٹولہ شکست کھائے گا اور تمام کاروباری حضرات فیصلہ کرتے ہوئے باشعور اور سمجھدار ہونے کا ثبوت دیں گے، فیڈریشن کے انتخاب میں بزنس مین پینل BMP کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار سمیت دیگر تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ دیتے ہوئے BMP کے امیدواروں کا لازمی موازنہ کریں UBG کے بجائے اس بار BMP کو موقع دیں اور 27 دسمبر کا دن BMP کی کامیابی کی صورت میں درحقیقت پاکستان بھر کے کاروباری حضرات کی فتح کی نوید لے کر آئے گا۔ انہوں نے کہا FPCCI کے سالانہ الیکشن کا وقت قریب آرہا ہے، UBG کی مغرور قیادت جو اپنے آپ کو تاجر برادری کا معاون اور مددگار کم اور مالک زیادہ سمجھتے ہیں وہ ملک بھر کی کاروباری تنظیموں کی چاپلوسی کے لیے نکل پڑے ہیں انہیںکاروباری برادری کا احساس اسی وقت ہوتا ہے جب ان کو ووٹ لینا ہوتا ہے۔ پورا سال یہ حضرات صرف اپنا مفاد سوچتے ہیں۔ FPCCI میں جب سے UBG کاٹولہ قابض ہے، ملک بھر کی تمام کاروباری تنظیمیں حکومت کے ناجائز اقدامات کے آگے بے بس ہیں۔ یہ حضرات ووٹ لینے کے بعد کسی بھی ووٹر سے مشورہ نہیں لیتے، صرف اپنے مفاد کے لیے ہر حکمراں وقت کے ناجائز اقدام کو فوری طور پر مان لیتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خوشامدی کچن کابینہ کو غیر ملکی دورے، 5 star ہوٹلوں میں قیام اور ویزہ اجرا تو خوب کرائے مگر افسوس حقیقی کاروباری حضرات کو ووٹ لینے کہ بعد ہمیشہ نظر انداز کیا۔ اب پھر یہ ٹولہ کاروباری تنظیموں کو سبز باغ دکھا رہا ہے کہ ووٹ حاصل کرسکے اور آیندہ سال اپنے مفاد پھر سے حاصل کرسکے اور ملک بھر کے کاروباری حضرات کی آواز کا سودا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سب نو منتخب ایگزیکٹو اور جنرل ممبرز ووٹ دیتے ہوئے باشعور، سمجھدار ہونے کا ثبوت دیں اور UBG کے مفاداتی رہنماؤں سے ان کی گزشتہ کارکردگی کا ریکاڈ ضرور مانگیں، جب بھی حکومت اور کاروباری برادری کا کوئی اختلاف ہوا UBG نے کیا آواز بلند کی؟ چاہے FBR کا مسئلہ ہو یا پھر ٹیکس کا، ہر مقام پر رسوا ہی کیا، UBG نے اس ادارے کو صرف سودے بازی کیلیے ہی استعمال کیا۔
ایف پی سی سی آئی