اسلامی نظام حکومت ہی سے غربت ہوسکتی ہے،شفیع ملک

155

نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے زیر اہتمام گولڈن جوبلی کے موقع پر 9 نومبر کو ٹاور سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کے بعد بیک یارڈ میں جلسہ منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی NLF پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی تھے جب کہ WE ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر شفیع ملک نے صدارت کی۔ KPT کے رہنما مناظر الحسن نے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز کیا جس کے بعد انہوں نے نعت رسولؐ پیش کی۔ KICT کے رہنما رضوان علی نے اس موقع پر کہا کہ KICT اور ایشیا ٹرمینل چینی کمپنیوں کے پاس ہیں جو لیبر قوانین کو نہیں مانتے ان دونوں اداروں کے مزدور رہنمائوں کے خلاف بیشمار انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ یونین کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ ٹریڈ یونین کی آزادی ختم کردی گئی ہے۔ مزدور رہنمائوں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ 11 ماہ سے ڈیمانڈ زیر التوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں بند کرکے انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔ ٭سندھ لیبر فیڈریشن کے صدر شفیق غوری نے کہا کہ مزدور تحریک زوال کا شکار ہے۔ آجر اور حکومت مزدوروں کی بات سنتے نہیں۔ مزدوروں کو حقوق کے تحفظ کے لیے منظم ہو کر کام کرنا ہوگا۔ اتحاد و اتفاق سے طاقت پیدا کریں۔ ٭نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر نظام الدین شاہ نے کہا کہ سرمایہ دار مزدوروں کو اپنا بھائی سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے دکھوں کا مداوا اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ ٭NLF پاکستان کے رہنما ظفر خان نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری بڑھنے سے مزدور پریشان ہیں۔ ٭NLF پاکستان کے رہنما خالد خان نے کہا کہ صرف نیشنل لیبر فیڈریشن میں جمہوریت کی وجہ سے قیادت تبدیل ہوتی ہے۔ ٭نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ملک میں انجمن سازی کا حق چھینا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں سے 12 گھنٹے ڈیوٹی لے کر 10 سے 12 ہزار تنخواہ دی جاتی ہے۔ کم از کم 17500 روپے بہت کم کارخانوں میں دی جاتی ہے۔ ٹھیکیداری نظام کی وجہ سے مزدوروں کو EOBI کارڈ اور علاج کی سہولت حاصل نہیں۔ ILO اپنے کنونشنز پر عمل کروانے میں ناکام ہوچکا ہے۔ مزدور تحریک کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ کانکنوں کو حفاظتی آلات فراہم نہیں کیے جاتے۔ بلوچستان میں یونینوں پر پابندی لگادی ہے۔ لیبر انسپکشن ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ظلم کے نظام کو ختم کرنے کے لیے مزدور ووٹ کی طاقت کو استعمال کریں۔ نیک لوگوں کو اقتدار میں لائیں جو خوف خدا رکھتے ہوں۔٭ نیشنل لیبر فیڈریشن کے بانی پروفیسر شفیع ملک نے کہا کہ ٹریڈ یونین کی آزادی ختم ہوگئی ہے۔ NLF کی گولڈن جوبلی تقریبات سے کامیابیوں کے دروازے کھل سکتے ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام نے مزدور کو مالک کا غلام بنادیا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں بھی غربت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی تعلقات کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اسلامی نظام حیات میں غربت ختم ہوسکتی ہے۔ قبل ازیں پریس کلب کے باہر جلسہ سے مزدور رہنما امان بادشاہ، اسرار احمد، شاہ رخ خان، عرفان شیخ، ارشاد علی بھٹو اور دیگر نے خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر جماعت اسلامی کراچی کے رہنما یونس بارائی نے دعا کرائی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض NLF کراچی کے صدر عبدالسلام نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اسٹیج پر K الیکٹرک کے رہنما اخلاق احمد، شیخ مجید اور دیگر بیٹھے ہوئے تھے۔ NLF سندھ کے رہنما شکیل احمد شیخ نے شمس الرحمن سواتی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ پروگرام میں کوہ نور سوپ، شنائیڈر الیکٹرک، مارٹن ڈائو، فارماٹیک، پیکسار، پاکستان اسٹیل، PIA اور دیگر اداروں کے رہنمائوں اور کارکنان نے شرکت کی۔