پیپسی کولا میں پیداواری عمل حدود کے باہر سے شروع ہوگیا

215

پیپسی کولا کمپنی سائٹ میں واقع ہے جہاں بڑی تعداد میں مزدور کام کرتے ہیں۔ پیپسی کی سپلائی کو جاری رکھنے کے لیے بھی بڑی تعداد میں مزدور کام کرتے ہیں۔ پیپسی کی گاڑیاں مصنوعات کو سپلائی کرتی ہیں، کسی بھی ادارہ کا پیداواری عمل
اس کارخانے کی بونڈری وال کے اندر ہوتا ہے لیکن پیپسی کولا کا پیداواری عمل بونڈری وال سے باہر مصروف مین روڈ سے اب کچھ عرصہ سے شروع ہوگیا ہے۔ پیپسی کولا اور ہینو پاک موٹرز کے قریب پیپسی کی بونڈری وال میں ایک کھڑی بنائی گئی ہے جہاں رولنگ بیلٹ لگی ہوئی ہے، مین روڈ پر چینی سپلائی کرنے والے ٹرک کو کھڑا کرکے چینی کی بوریاں اس کھڑکی سے اندر سپلائی کی جاتی ہیں۔ مذکورہ سڑک ایک اہم جگہ پر ہے جہاں ہر طرح کا ٹریفک رواں ہوتا ہے۔ جس میں زیادہ تر پیپسی ہی
کے ٹرکس ہوتے ہیں۔ اس سڑک کو چلنے کے لیے مزدور، اسکول کے بچے اور استاد استعمال کرتے ہیں۔ سڑک پر قبضہ کرنے کی وجہ سے مسافروں کو آنے جانے میں مشکلات ہوتی ہیں۔ صبح کے وقت اس سڑک پر پیپسی کے ٹرکس سپلائی پر روانگی کے لیے کھڑے ہوتے ہیں جن کی روانگی کے بعد ٹرکس سے چینی کی بوریاں اندر سپلائی کی جاتی ہیں۔ عموماً فیکٹریوں میں مال لانے اور لے جانے کے لیے مرکزی دروازے سے سپلائی جاری ہے مگر نامعلوم وجوہ کی بنیاد پر ایک انٹرنیشنل برانڈ کی کمپنی میں اس انداز سے کام ہورہا ہے۔ سائٹ ایسوسی ایشن و دیگر متعلقہ ادارے اس جانب بھی توجہ دیں۔ مذکورہ جگہ سے صرف ایک منٹ کے فاصلے پر ٹریفک پولیس کے متعدد چھوٹے بڑے اہلکار موجود ہوتے ہیں جو ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے اہلکار مذکورہ واقعے کا نوٹس نہیں لیتے۔ مزدوروں نے جسارت کے ذریعے ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس غیر قانونی کام کا نوٹس لیں۔