امیرالبحر کارومانیہ کا دورہ‘ ہم منصب سے ملاقات

509

اسلا م آ باد( نمائندہ جسارت) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی رومانیہ کے سرکاری دورے پرہیں۔ اپنے دورے میںنیول چیف نے رومانین چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور چیف آف رومانین نیول فورسزسے الگ الگ ملاقات کی اورگلاتی میںڈامن شپ یارڈ کا بھی دورہ کیا۔نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف رومانین نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل الیگزینڈرو مرسو نے پاک بحریہ کے سربراہ کا پرتپاک استقبال کیا۔امیر البحرکو چاق وچوبند دستے نے روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ ملا قات میں علاقائی میری ٹائم سیکورٹی، پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنانے میںپاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی اورکراچی میں منعقدہ کثیر الملکی بحری مشق امن19- میں رومانین نیول فورسز کی شرکت پر رومانین نیول چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چیف آف رومانین نیول فورسز نے میری ٹائم سیکورٹی میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ معزز شخصیات نے بحری تعاون اور مختلف شعبوں میں باہمی روابط میں مزیداضافے پر اتفاق کیا۔ وائس ایڈمر ل الیگزینڈرو مرسونے چیف آف دی نیول اسٹاف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔نیول چیف نے رومانین چیف آف ڈیفنس اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل ڈینیئل پیٹراسکو سے وزارت دفاع، بخارسٹ میں الگ ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی و استحکام اور باہمی دلچسپی سمیت دو طرفہ فوجی تعاون جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ڈینیئل نے خطے میں امن وا ستحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے اقدامات اور تعاون کو سراہا۔ معزز شخصیات نے مضبوط دو طرفہ دفاعی تعلقات اور متنوع عسکری شعبوں میں باہمی روابط میں اضافے پر اتفاق کیا۔ بعد ازاں نیول چیف نے ڈامن شپ یارڈ ، گلاتی کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے منیجنگ ڈائریکٹر اورسینئر افسران سے ملاقات کی ۔ امیر البحر کو ڈامن شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے منصوبہ جات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیاجس کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی کے زیر تعمیر پلیٹ فارمز کا معائنہ کیا۔ایڈمرل نے ڈامن شپ یارڈ کی پاکستان نیوی کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔توقع ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ کایہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کا باعث ہو گا۔