یو ٹرن کا مقصد جھوٹ اور ودعدہ خلافی ہے، محمد حسین محنتی

351

سکھر(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عدل و انصاف کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ یوٹرن کا مقصد جھوٹ اور وعدہ خلافی ہے۔ حکومت احتساب کو انتقام میں بدل کر کرپشن کے خلاف تحریک کو سبوتاڑ کرنا چاہتی ہے جماعت اسلامی ملک کی حقیقی جمہوری اور موروثیت سے پاک جماعت ہے۔ صبح شام جمہوریت کی رٹ لگانے والوں کو سب سے پہلے اپنی پارٹیوں میں جمہورت لانی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر و پنو عاقل میں ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔پنو عاقل میں بلو برادری کے سماجی نوجوان عبدالقدیربلو آف کوٹ بلو نے امیر صوبہ محمد حسین محنتی سے ملاقات کرکے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ صوبائی اطلاعات سیکرٹری مجاہد چنا، ضلعی امیر حزب اللہ جکھرو، قیم سلطان لاشاری، مقامی رہنما امان اللہ تنیو، عبدالرشید شیخ ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر ہمارا دھڑکتا دل ہے مگر آج وہاں بھارت نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے 103 دن کرفیو کو ہو گئے مگر حکومت پاکستان بے حسی و انسانی حقوق کے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کشمیر اشو کو اجاگر اور حکمرانوں کو بیدار کرنے کے لیے 22 دسمبر کو اسلام آباد پہنچنے کی کال دی ہے۔ جماعت اسلامی کشمیری بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔علاوہ ازیں انہوں نے امیر تحصیل پنوعاقل امان اللہ تنیو کی والدہ کی وفات پر ان کے گھر جاکر تعزیت کی۔