اپوزیشن اور حکومت کشمیرکونظرانداز کرکے پاکستان کامستقبل تاریک کررہی ہے‘لیاقت بلوچ

272

لاہور( نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں کشمیر کو نظر انداز کر کے پاکستان کا مستقبل تاریک کر ر ہی ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ورکرز کنونشن ، تاجروں اور نوجوانوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت جموں و کشمیر مسئلے کو نمائشی اظہار تقاریر کے بعد سرد خانہ میں ڈالنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے، کشمیر پر سفارت اور ترجمانی کا دعویٰ بھی یوٹرن بنتا جارہاہے۔ جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر کو نظر انداز یا سردخانے میں نہیں ڈالنے دے گی ۔بھارت کے جارحانہ عزائم تیز تر ہیں اور قومی قیادت کے جذبات سرد تر ہورہے ہیں ۔ بزدلی اور سودے بازی کا ہر حربہ ناکام بنا د یا جائے گا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ نوازشریف کے علاج کے لیے عمران خان سیاسی سنگ دل نہ بنیں،حکومتی تمام کوششوں اور رکاوٹوں کے باوجود ڈاکٹرز ، میڈیکل بورڈز ، عدالتوں کی سطح پر علاج کی فراہمی کا حل تجویز کردیا جائے تو حکومت چھوٹی حرکتوں سے رکاوٹیں نہ ڈالے ۔ لمحہ کی غلطی کا قوم طویل مدت تک خمیازہ بھگتے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ آئین اور اسلام کے رہنما اصولوں کو ترک کر کے پاکستان کی سلامتی ، اقتصادی اور سماجی وجود کو خطرات لاحق کردیے گئے ہیں،پاکستان اللہ کی نعمت ہے، اسلامی، خوشحال ، توانا اور مستحکم پاکستان کے لیے تمام وسائل اور صلاحیتیں موجود ہیں ۔ پاکستان کے زبردست مادی اور افرادی وسائل متحر ک کر دیے جائیں تو تمام عوامل حقیقت بن کر عوام کے معاشی ، تعلیمی ، صحت اور باوقار زندگی کی تمام ضرورتیں پوری ہو جائیں گی ۔ جماعت اسلامی خود انحصاری ، اپنی قوم پر اعتماد اور دو قومی نظریہ کو مستحکم کر کے ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ۔