ان ہاؤس تبدیلی کچھ لوگوں کی خواہش ہے‘ کبھی پوری نہیں ہوگی‘ شاہ محمود قریشی

194

ملتان (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے‘ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے انڈرٹیکنگ دی ہے کہ وہ نوازشریف کو وطن واپس لانے کے پابند ہوں گے‘ موجودہ فیصلے پر مشاورت جاری ہے‘ عدالتی موقف سامنے رکھتے ہوئے آئند ہ کا لائحہ عمل طے کریں گے‘ فیصلہ آج یا کل تک کرلیا جائے گا‘ دھرنے کاخندہ پیشانی سے سامناکیا‘ ہم نے کوئی گرفتاری کی نہ کوئی لاٹھی چارج کیا‘ دھرنے والوں نے خود پلان اے ختم کرکے پلان بی شروع کیا‘ ان ہائوس تبدیلی کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا‘ ان ہائوس تبدیلی کچھ لوگوں کی خواہش ہے جو پوری نہیں ہوگی۔ ہفتے کو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف کے معاملے کا ایک قانونی اور دوسرا انسانی پہلوہے‘ زلفی بخاری سزا یافتہ نہیں تھے‘ نہ ان کا کوئی کیس زیرالتوا تھا‘ نوازشریف سزا یافتہ ہیں‘ آصف زرداری یا نوازشریف سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سڑکوں کی بندش سے عوام کومشکلات ہیں ‘مولانا فضل الرحمن کے پلان بی کو عوام نے پسند نہیں کیا‘ حکومت نے دھرنے والوں کیلیے سہولتیں پیدا کیں اور کہیں بھی رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں۔