پی ایس پی کارکن کے قتل میں ملوث متحدہ کے ٹارگٹ کلر سمیت 3 گرفتار

84

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پو لیس نے شہر کے مختلف مقامات کی گئی کارروائیوں کے دوران 3 ملزمان کوگرفتار کرلیا، گرفتارشدگان میں پی ایس پی کے کارکن کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث متحدہ کا ٹار گٹ کلر بھی شامل ہے، گرفتار شدگان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ،منشیات اور دیگر غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں،تفصیلات کے مطابق شارع نور جہاں پولیس نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے قلندریہ چوک سے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میںملوث ایک ٹارگٹ کلر اویس صادق کو گرفتار کر لیا ، جس نے 2017 ء میں پی ایس پی کے 2 کارکنوں کو اورنگی ٹائون میں قطر اسپتال کے قریب قتل کیا تھا، پولیس کے مطابق پی ایس پی کارکنان کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کی نشاندہی اس کی پہلے سے گرفتار کے 2 ساتھیوں بلال اور رحیم نے کی تھی ،اویس کے ساتھی کے بعد گرفتار ہوگئے تھے تاہم ملزم اویس واردات شہر سے فرار ہوگیا تھا اورچند روز قبل ہی کراچی واپس آیاتھا ملزم اویس نے 2015ء میں اورنگی ٹائون میں پولیس کے لیے مخبری کے شبے میں اپنے ان ہی ساتھیوں کی مدد سے مانی نامی ایک نوجوان کو بھی قتل کیا تھا۔ ادھر اے وی ایل سی نے ایک کارروائی کے بعد دو رکشا چوروں اور ایک موٹرسائیکل چور کوگرفتار کرلیا ،اے وی ایل سی گلشن کے ہاتھوں گرفتار رکشا چور احسان علی ولد سوما خان اور اسحاق ولد عبد العزیز رکشاچوری کرکے بلوچستان لے جاتے ہیں ۔ایک اور کارروائی میں اے وی ایل سی گلشن نے موٹرسائیکل چھیننے کے مقدمے میں ایک مفرور کو گرفتار کرلیا ۔