کرپشن اور درآمدات میں اضافے کی وجہ سے معیشت بہتر نہیں ہورہی‘ عارف علوی

334
کراچی: صدر عارف علوی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر سیمینار سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: صدر عارف علوی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر سیمینار سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ حکومتی اداروں میں ہر سطح پر بدعنوانی اور درآمدات میں اضافے کی وجہ سے معیشت بہتر نہیں ہورہی،ٹیکس نہ دینے کے رجحان،کالا دھن ،سیکورٹی مسائل اور دیگر وجوہات کے سبب پاکستان مشکل حالات سے دوچار ہے،موجودہ حکومت کے اقدامات کے سبب برآمدات بڑھی ہیں۔جمعہ کوگورنر ہائوس کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے تحت سالانہ ایکسپورٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے برآمدکنندگان کو سراہتے ہوئے کہا کہ لگژری اشیا کی درآمد، دستاویزی معیشت نہ ہونے سے تجارتی خسارہ بڑھا ،70برس کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے فیصلے کرنے ہونگے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کو باور کرایا کہ مغربی ممالک اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لائیں تاکہ چھوٹے ممالک کی معیشت کو استحکام مل سکے ،پاکستان بڑی معیشت ہے ،دنیا کی بڑی کنزیومر مارکیٹ ہے،یہاں کاروبار کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، مسلم اقوام باہمی تجارت کو فروغ دیں،ترکی نے بھی مشکل حالات سے خود کو نکالا،دنیا میں تعلقات اصولوں کے ساتھ ساتھ معیشت پرہوتے ہیں۔ صدر نے صنعتکاروں سے کہا کہ وہ خواتین اور معذور افراد کو ملازمت کے مواقع دیں، بااختیار خواتین ہی ترقی کا ذریعہ ہیں، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومتی اداروں میں ہر سطح پر کرپشن ہے اور بیرونی سرمایہ کاری کرپشن کے سبب متاثر ہوتی ہے اس موقع پر ملک بھر کے کامیاب برآمدکنندگان میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت نے ہفتے کو گورنر ہاؤس کراچی میں جوش ملیح آبادی میموریل کمیٹی کے تحت معروف ادیبہ ڈاکٹر عالیہ امام کی کتاب کی رونمائی کے موقع پر کہا کہ کشمیر کا مسئلہ 70سال سے پڑا ہواہے ہم جیسے کمزور انصاف کا ترازو لیے پھرتے ہیں،دنیا کے رویے نے مایوس کردیا ہے،دنیا میں اب اصولوں اور انصاف پر دنیا میں فیصلے نہیں ہوتے دنیا پہلے بھی طاقت پر فیصلے کرتی تھی اب سرمایہ دارانہ سوچ نے دنیا پر قبضہ کر لیا ہے، بائیں بازو کی سوچ کا ولولہ ختم ہوگیاہے،، قوموں اور انسانوں کے لیے انٹرنیٹ کے ذریعے بہت سنگین خطرہ ہے، انٹرنیٹ کا ہتھیار ذہنوں پرحاوی ہے۔