عدالت نے حکومت اور نوازشریف دونوں کی عزت رکھ لی،شیخ رشید

225

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے معا ملے پر نہ ڈیل ہوئی اور نا ڈھیل ہوئی ہے،عدالت نے دونوں پارٹیوں کی عزت کو بحال رکھا ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنی مرضی سے واپس گئے ہیں، انہیں تو جانا ہی تھا، انہیں تو جلدی جانا تھا تاہم 2 دن مزید رکنے پر انہیں داد دیتا ہوں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا ہے کسی چور کو نہیں چھوڑنا، اللہ تعالیٰ نوازشریف کو صحت دے، شریف برادران کو باہر بھجوانے میں کسی کا کردارنہیں، نہ ڈیل ہوئی ہے نہ ڈھیل ہوئی ہے، انہوں نے حلفیہ بیان دیا ہے کہ 4 ہفتہ بعد علاج کے بعد واپس آئیں گے،انہیں 4 ہفتوں کے لئے اجازت مل گئی ہے اور ہائی کورٹ نے جانے کی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ نوازشریف کی جیت ہے اورنہ ہماری ہار ہے، یہ قانون کی فتح ہے، عدالت نے دونوں پارٹیوں کی عزت کو بحال رکھا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان بہت کنجوس ہیں،یہ لوگ سمجھتے ہیں کفن کے ساتھ جیبیں بھی لگی ہوئی ہیں، یہ لوگ سعودی عرب جاتے وقت حمزہ شہباز کو ضمانت پر رکھ کرگئے تھے۔

وزیرریلوے نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف زرداری کےکیس میں پلی بارگین کیلئے 5 لوگ لگے ہوئے ہیں۔

سیاست اور جنگ میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے،پاکستان کی سیاست خوشگوار ہے، 2ماہ تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔