ڈی سی ملتان کی غیر قانونی ہائوسنگ کالونیز، میرج ہالز کیخلاف کارروائی کافیصلہ

241

ملتان (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے ریونیو افسران کو مالیہ، آبیانہ اور زرعی انکم ٹیکس کی سو فیصد ریکوری کا ٹارگٹ دیا ہے اور کہا ہے کہ پرچہ رجسٹری کا کام ایک ہفتے کے اندر نمٹایا جائے۔ انہوں نے تمام غیر قانونی ہائوسنگ کالونیوں، پیٹرول پمپس اور میرج ہالز کیخلاف ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔ وہ ریونیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیر عباس شیرازی، اسسٹنٹ کمشنرز قاضی منصور، شہزاد محبوب، عابدہ فرید، احمد رضا، سب رجسٹرار کامران بخاری اور ضلع کے تمام ریونیو افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی تیز کی جائے اور اسٹامپ ڈیوٹی کی وصولی کو دیے گئے ٹارگٹ کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے رجسٹرار آفس سے بھیجے گئے پرچہ رجسٹری پر عملدرآمد میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو پرچہ رجسٹری کا کام ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سینٹرز میں ہڑتال کے موقع پر سینٹر انچارج اور افسران اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ عوام کو اراضی ریکارڈ سینٹر پر کوئی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بے نامی جائیدادوں کا کھوج لگانے کا کام تیز کیا جائے اور بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیر عباس شیرازی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں سرکاری واجبات کی وصولی تسلی بخش ہے اور تحصیل شجاع آباد میں ریونیو ریکوری ضلع میں سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن تحصیلداروں کی کارکردگی بہتر نہیں انہیں ایک ماہ میں ریونیو ٹارگٹ مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔