ملک کے بیشتر حصوں میں سردی بڑھ گئی، بارش و برفباری

434

موسم سرما کے آغاز پر ہی بالا ئی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھ گئی ہے، بالاکوٹ وگردونواح میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،وادی کاغان میں برفباری کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے اور ناران ،کاغان، جھیل سیف الملوک پرمزید چار انچ تک برفباری ہوچکی ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں شدید گرج چمک اورتیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ برقرار ہےاور درجہ حرارت 4 ڈگری تک گرگیا ہے۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی مطلع ابرآلود ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ تیزہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا ہے۔

جمعہ کی صبح کورنگی ، نارتھ ناظم آباد ، گلشن اقبال ، اورنگی ٹاؤن ، گولیمار، سائٹ ایریا ، شاہراہ فیصل ، بلوچ کالونی ، محمودآباد اور منظور کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بونداباندی ہوئی۔