ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار، نوجوانوں کی تربیت درپیش حالات کا اہم تقاضا ہے

571

پشاور(خصوصی رپورٹ)نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی پروفیسر مناہل ریاض طور نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن ممالک اور ان کی خفیہ ایجنسیوں کی مسلط کردہ ففتھ جنریشن ہائبرڈوار کے مقابلہ کیلیے نوجوان نسل کو دشمن ممالک کے عزائم اور مقاصد سے خبردار کرنا ہوگا تاکہ وہ سوشل میڈیا پر ہونیوالے پاکستان دشمن پراپیگنڈہ کا مؤثر اور مدلل انداز میں جواب دیکر ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملانے کیلیے اپنا یادگار کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاربین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سکول اینڈ کالج پشاور کے اشتراک سے یونیورسٹی آف پشاور کے زیراہتمام امن و امان کیلیے نوجوانوں اور خواتین کا کردار، سائبر سیکورٹی اور سیف انٹرنیٹ کے عنوانات پر منعقد ہونیوالی دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں فیکلٹی ممبران کے علاوہ 4 سو سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ کانفرنس کے پہلے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اسفند اوصاف نے پاکستان کے نوجوانوں میں قومی شعور بیدار کرنیکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حاضرین کو بتلایا کہ ہمارے پاک وطن کے دشمن ممالک اور ان کی ایجنسیاں کس طرح ہمارے نوجوانوں کوانٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا ہمنوا بنانے کی سازشیں کر رہی ہیں؟ اور جنونی انتہائپسند گروہ کس طرح ہمارے ملک کے سادہ لوح نوجوانوں کو اپنے دلفریب مواد سے متاثر کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنیکی تدبیریں کرتے آرہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہمارا پاک وطن اس وقت اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہونیکی وجہ سے یہود و ہنود کی سازشوں کا نشانہ بنا ہوا ہے،دشمن ممالک ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈہ کرکے ہمارے نوجوانوں کو اپنے مکروہ مقاصد کیلیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، سوشل میڈیا ففتھ جنریشن ہائبرڈ وارکا ایک خطرناک ہتھیاربن چکا ہے جس کے ذریعے دشمن ممالک ہمارے ملی اتحاد اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کرتے آرہے ہیں،مقررین نے کہا کہ سائبر سیکورٹی کے پیچیدہ مسائل سے نمٹنے اور ان سے پیدا ہونیوالے مسائل کا مداوا اور مقابلہ کرنے کیلیے ہمہ جہت حکمت عملی مرتب کرنیکی ضرورت ہے تاکہ انٹرنیٹ اور سائبر سپیس کے ذریعے پیدا کی جانیوالی مذہبی، فرقہ وارانہ، نسلی اور معاشرتی امور کے حوالہ سے سازشوں کا جامع انسدادی حکمت عملی کے تحت مقابلہ کیا جاسکے اور پاکستان دشمن ممالک اور ایجنسیوں کی انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانیوالی نظریاتی جارحیت کا بھی سدباب کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ممالک کی مسلط کردہ ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار کا اصل مقصد پاکستان کے نوجوانوں کے ذہن متاثر کرکے پاکستانی قوم کو تقسیم کرکے معاشرتی خلفشار اورانتشار پیدا کرنا ہے، اس لیے نوجوانوں کی فکری و نظریاتی تربیت کا اہتمام کرنیکی ضرورت ہے تاکہ ہمارے ملک کے باصلاحیت نوجوان ہر محاذ پر دشمن ممالک کے فسطائی حربوں اور منفی پراپیگنڈوں کا موثر اور مدلل اندازمیں منہ توڑ جواب دیکر سوشل میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا اور روایتی میڈیا پر جاری جنگ جیت کر وطن عزیز کیخلاف ہونے والی منظم یلغار کو ناکام بناسکیں۔