عمران حکومت کو مسئلہ کشمیر پر بے وفائی کا حساب دینا ہوگا‘ لیاقت بلوچ

249

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کو مسئلہ کشمیر پر بے وفائی کا حساب دیناہوگا، حکومت نے میاں نوازشریف کے علاج کو صریحاً غیر انسانی اور ظالمانہ طریقے سے کنڈکٹ کیاہے ۔ نااہل حکومت خود ہی پورے ملک میں احتجاج کا ماحول دے رہی ہے ۔ مولانا فضل الرحمن نے اپنے احتجاج کے پلان بی کا اعلان کردیاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی منشور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی ، قومی اور صوبائی انتخابات میں اپنے اسلامی ، انقلابی اور عوامی فلاح کے منشور کے ساتھ حصہ لے گی ۔ فوجی آمریتوں اور جمہوریت کے نام پر منتخب حکومتوں کی ناکامی نے واضح کردیا ہے کہ صرف قیادت نہیں ہمہ گیر ، اہل ، جفاکش اور ذاتی مفادات سے بالاتر ٹیم ہی پاکستان میں خود انحصاری اور خود داری کا نظام لاسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ہی ملک کو سیاسی ، اقتصادی اور سماجی بحرانوں سے نکالے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بنگلا دیش جماعت اسلامی کے ارکان نے ڈاکٹر شفیق الرحمن کو نیا امیر منتخب کیاہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پربھارت نے پابندی عاید کی اوربھارت کے ایما پر ہی بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کی قیادت و کارکنان ریاستی دہشت گردی کاشکار ہیں ۔ ان حالات میں پرامن جمہوری سیاسی اور آئینی جدوجہد کرنے والی جماعت نے اپنے جمہوری وجود کو تسلیم کرایاہے ۔ ان شاء اللہ نئی قیادت کامیاب ہوگی ۔ بنگلا دیش کے عوام اسلام اور اتحاد امت کا جذبہ رکھتے ہیں یہی جذبہ غالب آئے گا۔