ایسا نظام چاہتا ہوں جو عوامی توقعات پر پورا اُترے، شجاعت

282

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں ایسا نظام ہوجو عوام کی توقعات پر پورا اترے، مولانا صاحب نے جمہوریت کی بات کی ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں، ملک میں ایسی قیادت ہوجو عوام کے تمام مسائل کو حل کرے،مولانا نے بڑی جماعت ہونا ثابت کردیا ہے۔جمعرات کو سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمن اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کے کہنے پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہاں آئے، ہم یہاں ان کو مبارکباد دینے آئے ہیں۔ مولانا نے بڑی جماعت ہونا ثابت کردیا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اتنے بڑے دھرنے سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ مولانا صاحب واحد اپوزیشن لیڈر ہیں ، ان کے پیچھے ساری جماعتیں کھڑی ہیں،مولانا کی قیادت میں اتنا بڑا دھرنا ہوا، لیکن اس کے باوجود گولی نہیں چلی، تشد نہیں ہوا، ٹریفک بھی چلتی رہی اور نظم وضبط برقراررہا۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت نوازشریف کی صحت کے معاملے پر بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ان کو غیرمشروط علاج کے لیے ملک سے باہر جانے دیا جائے۔ ہم آزادی مارچ کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک میں اجتماعات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تمام شاہراہوں پر کارکنان اور لوگ جمع ہوتے جارہے ہیں۔ اگر یہ استعفا دے دیتے تو آج یہ دھرنے نہ ہوتے۔