ضلع جنوبی،غربی اور شرقی میں کارروائی،مختلف تجاوزات کا خاتمہ

141

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے عدالت عظمیٰ کی ہدایات پر سینئرڈائریکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی کی زیرنگرانی ڈسٹرکٹ سائوتھ ،ڈسٹرکٹ ویسٹ اورڈسٹرکٹ ایسٹ میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کی مدد سے سڑکوں اور فٹ پاتھ پر قائم مختلف تجاوزات کا خاتمہ کردیا جبکہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں مزاحمت پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سائوتھ میں سٹی کورٹ،صدر پارکنگ پلازا اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا جس کے دوران فٹ پاتھ اور سڑکوں سے ٹھیلے، پتھارے ،کیبن ،کھانے پینے کے اسٹالز، ریڑھیاں، تخت، کرسیاں، میزیں ،پنجرے اور دیگر تجاوزات ہٹا دی گئیں، اس کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر نعمان احمد ،آصف جیٹھا ،علاقہ اسسٹنٹ کمشنر ،علاقہ پولیس اور انسداد تجاوزات کے عملے نے حصہ لیاجبکہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں ماڑی پور روڈ نیو ٹرک اسٹینڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن میں دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے ،دیواریں ،لوہے کی جالیاں، جھونپڑی ہوٹل ،پنکچر مکینک کی غیرقانونی بنی دکانیں وغیرہ مسمار کردی گئیں ۔ڈسٹرکٹ ایسٹ میں بھی طارق روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے آغاز پر فٹ پاتھ پر قائم تمام پتھارے، کیبن، کھانے پینے کے اسٹالز اور دیگر تجاوزات ضبط کرلیے گئے جبکہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں مزاحمت پر 2افراد کو حراست میں لے لیا گیا، طارق روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر امین لاکھانی، علاقہ پولیس اور اسٹاف اینٹی انکروچمنٹ نے کی۔