پسنی‘ کوسٹ گارڈ کی کارروائی، 1820کلو گرام منشیات برآمد

99

کراچی (نمائندہ جسارت)پاکستان کوسٹ گارڈ نے شادی کور کے مقام پر پہاڑوں میں چھپائی گئی 1,820 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی ‘ پکڑی جانے والی منشیات کی قیمت عالمی مارکیٹ میںایک ارب 98 کروڑ 70لاکھ روپے سے زاید بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ پسنی (بلوچستان ) سے بھاری مقدار میں منشیات
اسمگل کی جائے گی جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر ثاقب قمر نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ کوسٹ گارڈ کے متعلقہ علاقے کے کمانڈر نے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی‘ موبائل گشتی کے دوران پسنی سے تقریباً 40 کلو میٹر دور شادی کور کے مقام پر پہاڑوں میں چھپائی گئی 1,820 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔
منشیات پکڑی گئی