نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے والوں کے پاس صرف 3 دن باقی

381

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 3 دن باقی رہ گئے ہیں، اب تک 17 لاکھ 50 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوچکی ہے، درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان نادرا نے کہا ہے کہ ملک بھر سے نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں اب تک 17 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد رجسٹریشن کروا چکے ہیں، ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کی آخری تاریخ میں تین دن باقی ہے۔

ترجمان کے مطابق رجسٹریشن کرنیوالوں میں 672 خواجہ سرا،25 ہزار سے زائد بیوہ اور 6080طلاق یافتہ خواتین شامل ہیں جبکہ رجسٹریشن کرانے والوں میں 137859افراد کا تعلق کچی آبادی اور 483359 افراد کا تعلق مزدورطبقے سے ہیں۔

نادرا کا کہنا ہے کہ لاہور سے 2لاکھ سے زائد افراد، کراچی کے مختلف اضلاع سے173161افراد، ملتان سے71,586 افراد، بہاولپور سے54,773 افراد نے رجسٹریشن کرائی جبکہ پشاور سے 41,464 افراد نے اپنا گھر پروگرام میں رجسٹریشن کرائی ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے جبکہ آن لائن رجسٹریشن 15 نومبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کروائی جا سکتی ہے۔

یاد رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 15 جولائی 2019 کو کیا تھا،جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔