شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

223

لاہور ہائیکورٹ نے کرکٹر شرجیل خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل)سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں کرکٹرشرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شرجیل خان کے خلاف کوئی انکوائری زیر التوا نہیں ہےاور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے شرجیل خان پر کھیلنے کی عائد کی گئی پابندی ختم کردی گئی ہے،اس لیے ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل خان عمرہ کی سعادت کے لیے بیرون ملک سفر کرنا ہے لہذا عدالت ای سی ایل سے ان کا نام نکالنے کا حکم دے۔

شرجیل خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے سیزن کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں 5 سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی تھی۔ شرجیل خان کو پانچ میں سے ڈھائی برس کی معطلی کی سزا لازماً کاٹنی تھی جو  10اگست کو ختم ہوئی۔

سزا ختم ہونے کے بعد پی سی بی نے ری ہیب مکمل ہونے پر شرجیل خان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔