قومی ٹیم میں غلطیوں سے بھی سیکھنے کی صلاحیت موجود نہیں، رمیز راجہ

113

لاہور(جسارت نیوز)سابق کپتان و معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں غلطیوں سے سیکھنے کی بھی صلاحیت موجود نہیں ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقص کارکردگی پر اپنی یو ٹیوب ویڈیو میں تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا ہے کہ جب کبھی کوئی ٹیم میچ ہارتی ہے تو اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اگلے میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتی ہے مگر ہماری ٹیم میں یہ صلاحیت بھی موجود نہیں یہ دن بدن تنزلی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے کھلاڑی کرکٹ کھیلنا ہی بھول گئے ہیں، ایسی صورتحال پر میں ایک سوال کرنا چاہتا ہوں کہ جتھوں کی صورت میں کھلاڑی کیسے پی سی بی سے اپنی مرضی کے فیصلے کرا سکتے ہیں جب کہ میدان میں ان کی کارکردگی صفر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم نے غلطیوں سے سیکھا ہوتا تو رضوان کو تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لئے کیوں بھیجا جاتا؟ جو اس نمبر پر بری طرح فلاپ ہو چکے ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ حارث سہیل ایک طرح کی شاٹس کھیلتے ہوئے آٹ ہوئے وہ ایک منفی سوچ کے ساتھ میدان میں اترے جس سے ان کو نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف افتخار ہی ایسے بلے باز ہیں جن کے پاس پر طرح کی شاٹ ہے، انہوں نے کریز میں وقت لیا اور پھر اچھی اننگز کھیلی۔