ٹیسٹ سیریز میں غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی،مصباح

143

سڈنی(جسارت نیوز) مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، پاکستان کی بیٹنگ لائن پلس پوائنٹ ہوگا۔پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بیٹنگ لائن ہمارا پلس پوائنٹ ہے، پاکستان ٹیم دونوں میچ جیتنے کی اہلیت رکھتا ہے، اظہر علی، اسدشفیق کے ساتھ بابراعظم اور افتخار احمد کافی اچھی فارم ہیں، اگر 400 سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب رہے تو میزبان ٹیم کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔ ہماری بولنگ لائن میں یاسر شاہ جیسے بولر کے ساتھ نوجوان اور اچھی اسپیڈ والے نیسم شاہ، موسی خان اور شاہین آفریدی جیسے کچھ کردکھانے کا جذبہ رکھنے والے نوجوان موجود ہیں، جن کے پاس خود کو منوانے کا یہ بہترین موقع ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ یاسر شاہ پہلے آسٹریلیا کا دورہ کرچکے ہیں، اس دورے میں وہ مکمل تیاری کے ساتھ آئے ہیں۔دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ وسیم خان میرے پاس فیصلہ لے کر آئے تھے کہ آپ استعفیٰ دیں گے یا پریس ریلیز جاری کر دیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ 100سے زائد میچز میں پاکستان کیلئے کپتانی کی،وسیم خان میرے پاس فیصلہ لے کر آئے تھے جس کا میں نے خیر مقدم کیا، انہوں نے کہا آپ استعفیٰ دیں گے یہاں پریس ریلیز جاری کر دیں ۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میرے مایوس ہونے سے کچھ نہیں بنتا، پی سی بی کا فیصلہ تھا جو ہو گیا، ٹیم میں واپسی کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا مجھے صرف کرکٹ کھیلنی ہے کسی کے بھی انڈر کھیل سکتا ہوں۔سابق کپتان نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے بہت اعتماد دیا، وسیم خان نے بھی حوصلہ بڑھایا ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے کا مشورہ دیا۔سرفراز احمد نے کہا کہ آسٹریلیا کا ٹور ہمیشہ سے مشکل رہا ہے بابر اعظم کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے بابر کو جتنا سپورٹ کر سکتے ہیں ہمیں کرنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جو کھلاڑی پرفارم نہیں کر رہے انھیں موقع دینا چاہیے فخر زمان پرفارم نہیں کر رہے تو انھیں بھی سپورٹ کرنا چاہیے۔ مصباح الحق کو بطور کوچ وقت دینا ہوگا۔