پاکستان میں اکیڈمی بنانا باعث فخر ہوگا، انٹرنیشنل فٹبالرز

89

لاہور(جسار ت نیوز) انٹرنیشنل فٹبالرز نے کہا ہے کہ فٹبال کے فروغ کیلئے پاکستان آئے ہیں اور پاکستان میں اکیڈمی بنانا باعث فخر ہوگا۔اکیڈمی کے قیام سے فٹبال کا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں آسانی ہوگی،امید کرتے ہیں کہ مزید لوگ بھی یہاں آکر فٹبال کی پروموشن کیلئے کام کریں گے۔لاہور کے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برازیل کے ریکارڈو کاکا، پرتگال کے لوئس فیگو،ا سپین کے کارلیس پیوئل اور فرانس کے نکولس انیلکا نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں بھی فٹبال کا کھیل ترقی کرے ، پاکستان میں آ کر بہت خوش ہیں، ہماری کوشش یہ ہوگی کہ اپنے تجربے کو نوجوانوں میں منتقل کریں۔ریکارڈو کاکا نے کہا کہ ایک بار پہلے بھی پاکستان آچکا ہوں، پاکستان میں بہت لوگ فٹبال کو پسند کرتے ہیں، نمائشی میچ میں پاکستان کے ٹیلنٹ کو دیکھنے کا موقع ملے گا اور فٹبال کی پروموشن ہوگی۔ لوئس فیگو نے کہا کہ پاکستان کے دیسی کھانے بہت مزیدار ہیں، امید کرتے ہیں کہ مزید لوگ بھی یہاں آکر فٹبال کی پروموشن کیلئے کام کریں گے۔کارلوس پیول نے کہا کہ میرے لیے پاکستان میں اکیڈمی بنانا باعث فخر ہوگا، اکیڈمی کے قیام سے فٹبال کا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں آسانی ہوگی۔ نیکولس انیلکا نے کہا کہ فٹبال کے فروغ کیلئے پاکستان آئے ہیں، پاکستان میں سیکورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین ہیں۔بعد ازاں انٹرنیشنل فٹبالرز پریس کانفرنس کے بعد اپنے پرستاروں کے ساتھ گھل مل گئے۔