ملک بھر میں جشن ولادت رحمت اللعالمینؐ عقیدت و احترام سے منایا گیا

109

اسلام آباد (صباح نیوز) ملک بھر میں میلادالنبیؐ انتہائی عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کے آغاز پر وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پاک فوج کے دستے نے 31 توپوں
کی سلامی پیش کی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، توپوں کی سلامی کے بعد ملکی سلامتی کیلیے دعائیں بھی کی گئیں، نبی آخرالزماںؐ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے خصوصی کانفرنسوں، تقریبات اور محافل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں آپؐ کی حیات طیبہ اور تعلیمات پر روشی ڈالی گئی۔ لاہور میں محفوظ شہید گیریژن میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اسلام آباد، رالپنڈی، لاہور، کراچی، سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں گلیوں بازاروں کو سجایا گیا، جلوس نکالے گئے، درود و سلام کی صداؤں سے فضا معطر رہی، عاشقان رسول آقا کی ولادت کی خوشی میں مٹھائیاں اور لنگر تقسیم کرتے رہے۔ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر نورالحق قادری نے رحمت اللعالمینؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور اکرمؐ جہالت، تاریکی اور ناانصافی میں ڈوبے معاشرے میں انصاف اور علم کی شمع بن کر آئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور دوسرے عالمی فورموں پر جس انداز میں نبی اعظم حضرت محمدؐ کی ناموس اور تکریم کے لیے آواز بلند کی وہ مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پیش کیے جانے والے تحقیقی مقالے اور مضامین پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کانفرنس کی افتتاحی جبکہ صدر نے اختتامی نشست سے خطاب کیا۔
عید میلادالنبی