مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ ،نوجوان شہید

240
الخلیل: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کو اہل خانہ الوداع کہہ رہے ہیں
الخلیل: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کو اہل خانہ الوداع کہہ رہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق کے روز جنوبی شہر الخلیل کے نواحی علاقے عروب کیمپ میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔ فلسطینی طبی ذرائع نے شہید نوجوان کی شناخت عمر البداوی کے نام سے کی ہے، جس کی عمر 22 سال تھی۔ فلسطینی فوجیوں نے اس پر براہِ راست گولی چلائی، جو اس کی چھاتی میں لگی۔ اسے شدید زخمی حالت میں الخلیل کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملا۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر دھاوا بولا اور کم ازکم 5 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق قابض صہیونی فوج نے جلزون پناہ کیمپ میں دالیشہ خاندان سے تعلق رکھنے والے 2 بھائیوں کو گھر سے اغوا کیا۔ قابض صہیونی فوج نے البیرہ کے ساتھ واقع البلوہ پر دھاوا بولا اور 2 نوجوانوں کو رام اللہ میں ود الدلب کے علاقے سے گرفتار کیا۔ نابلس میں صہیونی نے بیت فوریک میں بہت سے گھروں اور ایک دکان کی تلاشی لی، جو ایک اسیر کی ملکیت تھے، جسے اسرائیلی فوج نے حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج نے قلقیلیہ میں عزون قصبے پر بھی دھاوا بولا اور مرکزی شاہراہ پر ایک گاڑی کو ضبط کرلی۔ اس دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر اشک آور گیس کے گولے پھینکے اور نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے لیے ان کا پیچھا بھی کیا۔ ادھر قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں فلسطینیوں کے 2 مکان مسمار کر دیے۔