بلبل طوفان سے بنگلادیش اور بھارت میں 25 جاں بحق

458
بنگلادیش: طاقت ور طوفان بلبل کے باعث دریا پر قائم جیٹی، درخت اور مکان کی چھت گرگئی ہے
بنگلادیش: طاقت ور طوفان بلبل کے باعث دریا پر قائم جیٹی، درخت اور مکان کی چھت گرگئی ہے

ڈھاکا؍ نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلادیش اور بھارت میں بلبل نامی سمندری طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق بنگلادیش میں 13افراد ہلاک ہوئے، جب کہ کوسٹ گارڈ لاپتا ہونے والے 5مچھیروں کو تلاش کررہی ہے۔ طوفان کے دوران 50میٹر تک بلند ہونے والی لہروں کے نتیجے میں مچھیروں کی ایک کشتی ڈوب گئی تھی، جس کے بعد امدادی اہل کاروں نے 4لاشیں نکال لیں۔ کوسٹ گارڈز نے ڈوبنے والی کشتی میں سوار 30 ماہی گیروں کو بچالیا۔ ڈھاکا حکام کا کہنا ہے کہ کئی شہریوں نے اپنے علاقے چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا اور وہ بالآخر طوفان کی زد میں آگئے۔ اکثر ہلاکتیں درخت گرنے کے باعث ہوئیں۔ بلبل طوفان کی وجہ سے 6ہزار مکانات تباہ یا متاثر ہوئے۔ ملک کے جنوب مشرقی حصے میں لاکھوں روہنگیا مہاجرین نے پناہ لے رکھی ہے۔ ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ علاقے بھی طوفان کے خطرات سے محفوظ نہیں ہیں۔ بنگلادیشی حکام نے 2لاکھ افراد کو بچانے کے لیے خیمہ بستیاں قائم کی ہیں، جہاں روہنگیا مہاجرین کو منتقل کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب طوفان سے بھارتی ریاست مغربی بنگال اور اڑیسہ شدید متاثر ہوئیں اور وہاں 12افراد ہلاک ہوئے۔ دونوں ریاستوںمیں مجموعی طور پر ایک لاکھ 20ہزار سے زائد افراد کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا، تاہم طوفان کی شدت کم ہونے پر حکام نے انہیں واپس اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت دے دی ہے۔ خطرے کے پیش نظر بنگلادیش میں مونگلا اور چٹاگانگ کی بندگاہوں اور چٹاگانگ ائرپورٹ، جب کہ بھارت میں کولکتہ ائرپورٹ پر سرگرمیاں معطل رہیں۔