عید میلاد النبی ﷺ اس وقت منائیں جب اسلامی نظام نافذ ہوجائے، مولانا حامد الحق

163

نوشہرہ( صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے امیر اور چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا حامد الحق حقانی نے12ربیع الاول کے حوالے سے جامعہ دارالعلو م حقانیہ میں ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ حکومت اورپاکستانی عوام اس صورت میں منائیں کہ جب پاکستان کے چپے چپے میں اسلامی نظام حکومت کا نفاذ ہوجائے، آج ملک میں عدل عدالتوں میں بکتا ہے اورکرپشن اور لادینیت کا بازار گرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں انصاف عام تھا،غریب کی حالت بدلنے کے لیے خلفائے راشدین دن رات صدق دل سے جدوجہد کرتے تھے، اس زمانہ میں اسلام کی سربلندی کے لیے تن دھن کی قربانی دی جاتی تھی، آج حزب اختلاف اور حکمران طبقہ قوم سے منافقت کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد ہندوؤں کے حوالے کردی مگر امت مسلمہ خاموش تماشائی بنی رہی، کشمیر کے بعد یہ بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت وختم نبوت ﷺ اور جہاد افغانستان کے عظیم مشن میں ہمارے والد اور قائد مولانا سمیع الحق شہید ؒ کا خون امت مسلمہ میں اسلام کی سربلندی اور دنیا میں اسلام کی تقویت کا ذریعہ بنے گا۔