پی این ایس شمشیر، محافظ اور P3C ائر کرافٹ کی میری ٹائم مشق میں شرکت

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جہازوں شمشیر، محافظ اور لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ائر کرافٹ P3C نے بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں منعقدہ انٹر نیشنل میری ٹائم مشق 2019ء میں شرکت کی۔ 2 ہفتوں سے زائد مدت تک جاری رہنے والی اس مشق میں 50 سے زائد ممالک کے بحری اثاثہ جات اور جوانوں نے شرکت کی۔ بین الاقوامی میری ٹائم مشق 2019ء نے پاک بحریہ کو دنیا کی دیگر بحری افواج کے ساتھ مشترکہ آپریشنل تیاریوں میں اضافے کا موقع فراہم کیا۔ مشق کے دوران پاک بحریہ کے دونوں بحری جہازوں شمشیر اور محافظ نے مسقط اور بحرین کا بھی دورہ کیا۔ بندرگاہوں کے دورے کے دوران دونوں بحری جہازوں پر استقبالیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں میزبان بحریہ کے سینئر افسران، سفارت کاروں، میزبان ممالک اور پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات اور انٹرنیشنل میری ٹائم مشق میں شرکت کرنے والے جہازوں کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ دورے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، کشمیری عوام کی حالت زار اور مسئلے کے حل تک کشمیریوں کی حق و انصاف کی جدوجہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کرائی گئی۔