گلشن اقبال سے سنگین جرائم میں ملوث 5رکنی گروہ گرفتار

107

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کے دوران گھروں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور قتل کی وارداتوں میں ملوث 5 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے اپنے آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تھانہ گلشن اقبال پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد گھروں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان وسیم اللہ عرف کمانڈوولد عشرت اللہ، امین احمد ولد عزیز احمد، عتیق اللہ ولد فہیم اللہ، جاوید شفیق ولد شفیق الدین اور محمد ساجد عرف ذیشان ولد حافظ ضمیر کو گرفتار کرلیا، کارروائی کے دوران ملزمان کے دیگر 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے، غلام اظفر مہیسر نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان میں گروہ کا سرغنہ وسیم عرف کمانڈو بھی شامل ہے، کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ، 4 ٹی ٹی پستول، 27 لاکھ روپے کیش، 2 سو 75 گرام سونا، جس کی مالیت 25 لاکھ روپے سے زائد ہے اور کار نمبر BHZ-388 نسان بھی برآمد کی گئی ہے ، ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سو سے زائد بنگلے لوٹنے کی وارداتیں کی ہیں، ملزمان کا گروہ شہر قائد کے پوش علاقوں میں بنگلوں میں وارداتیں کرنے میں ملوث ہے، گرفتار ملزمان کا گروہ 7 ملزمان پر مشتمل ہے جن میں سرغنہ سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور 2 ملزمان ساحل عرف سنی اور ایاز فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔