حکمرانوںکاغرور خاک میں ملادیا‘ وزیراعظم کے استعفے کیلیے حکمت عملی تبدیل کرسکتے ہیں‘ فضل الرحمن

594
اسلام آباد: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن دھرنے کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن دھرنے کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا غرور خاک میں ملادیا ، وزیراعظم کے استعفے کیلیے حکمت عملی تبدیل کرسکتے ہیں۔ان کے بقول استعفے کے برابر کی کوئی صورت ہوسکے تو اس کی تجویز لائی جاسکتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو اور آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ ایک دفعہ کہہ دیا کہ یہ حکومت ناجائز ہے تو کسی کا باپ بھی اسے ہم سے جائز نہیں منواسکتا، اب وقت آگیا ہے کہ ان حکمرانوں سے حساب لیا جائے، ناجائز اور بدبودار حکومت کا خاتمہ ایمان کا تقاضہ ہے، ایسے لوگوں کا ملک پر مسلط ہونا عذاب الٰہی سے کم نہیں، نالائق حکومت کو ہٹانے کے لیے ہمارا سفر جاری ہے اور رہے گا، سڑکوں پر قدم آگے بڑھتا رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئین ،قانون، جمہوریت، اصولوں کی جنگ لڑنی ہے، ہم اس وقت تمام پارٹیوں سے مشاورت کر رہے ہیں ، ہم اپنا دباؤ مزید بڑھا رہے ہیں اور بڑھاتے جائیں گے، ناجائز حکمرانوں سے نجات تک جنگ جاری رہے گی۔سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنا آسان ہے، یہ بھارت ، اسرائیل اور مغربی دنیا سے اربوں کے فنڈز لیتے رہے، ان اکاؤنٹس کا حساب الیکشن کمیشن کو نہیں دیا،اسٹیٹ بینک نے الیکشن کمیشن کو رپورٹ دی کہ انہوں نے 20سے زیادہ اکاونٹ چھپائے ہیںم یہ نواز شریف سے کہتے تھے کہ تلاشی دو لیکن جب الیکشن کمیشن نے ان کی پوری پارٹی کی تلاشی لینی شروع کی تو یہ عدالت میں چھپتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پورا ملک جمود کا شکار ہے اور ہر ایک ہڑتال پر ہے، پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)،عالمی بینک اور ایشیائی بینک کا غلام بنادیا گیا،ہمارا بجٹ آئی ایم ایف تیار کرتاہے ،آئی ایم ایف کے ملازم پاکستان کی معیشت چلا رہے ہیں، کہاں گئی ہماری آزادی ؟ آزادی مارچ کے قائد کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب چور بھاگتا ہے تو جان بچانے کے لیے چور چور کا شور مچاتا ہے، ہم اسے چھپنے نہیں دیں گے، اس کی بہنوں نے دبئی میں 70 ارب ڈالر کی جائداد بنائی تو کیا حساب نہیں لیا جائے گا؟ کہا جاتا ہے کہ یہ سلائی مشین کی کمائی ہے، ایسی سلائی مشین ہمیں بھی چاہیے۔علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن نے آزادی مارچ اور دھرنے کے حوالے سے پلان بی پر عملدرآمد کے لیے پارٹی کے صوبائی امراء سے تجاویز طلب کر لیں جس پر صوبائی امراء نے ان سے (آج) منگل تک کا وقت مانگ لیا ہے۔جے یو آئی (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہوا۔ مولانا فضل الرحمن نے صوبائی عہدیداران کو پلان بی پر عملدرآمد کے لیے تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔