حکومت کی توجہ عام آدمی کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے‘ وزیراعظم

291

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں معاشی صورتحال مستحکم ہوئی ہے اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ اس وقت حکومت کی توجہ عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ معاشی استحکام کو مزیدمستحکم کرنا اور سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تیل، گیس اورمعدنیات کے شعبوں میں صوبوں کی استعداد کار بڑھانے کے ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو حکومت کی معاشی ٹیم کے ساتھ اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور حماد اظہر، وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و شماریات مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، معاون خصوصی ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی، سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین، متعلقہ محکموں کے وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور مستقبل کے تخمینوں کے حوالے سے مربوط منصوبہ بندی کے حوالے سے وزارتِ فوڈ سیکورٹی میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر جامع منصوبہ بندی اور انتظامی اقدامات کیے جائیں اس سے نہ صرف طلب و رسد کا فرق ختم ہوگا بلکہ قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس شعبہ کے فروغ سے ہی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا سب سے اہم منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ صوبائی اور وفاقی سطح کے ٹیکسوں سمیت مختلف مسائل کے حل کے حوالہ سے قابل عمل تجاویز مرتب کرنے کیلیے چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر کی سربراہی میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک، وزیر خزانہ پنجاب، صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور ہدایت کی کہ کمیٹی آئندہ 24 گھنٹوں میں ٹیکسوں، بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی اور دیگر مشکلات کے حل کے حوالہ سے لائحہ عمل اور سفارشات پیش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو تعمیرات کے شعبہ کی بحالی و فروغ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، وزیر ہائوسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، وزیر خزانہ بلوچستان ظہور احمد بلیدی، چیئرمین ایف بی آر سیّد شبرزیدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سیّد زبیر حیدر گیلانی، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے افسران نے شرکت کی۔