کراچی میں دودھ کی قیمت 94 روپے فی کلو برقرار رکھنے کا حکم

497

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں دودھ کی قیمت 94 روپے فی کلو برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں مہنگا دودھ فروخت کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عدالت نے 94 روپے لیٹر دودھ فروخت کرنے کا پابند کیا تھا لیکن اس کے باوجود شہر کے بیشتر علاقوں میں اب بھی 110 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے، عدالت آل کراچی ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

سماعت کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے اضافی قیمت پر دودہ بیچنے والے دوکان داروں کے خلاف کاروائیوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروائی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24 اکتوبر سے اب تک 520 سے زائد دودھ فروشوں کےخلاف کارروائی کی، مہنگا دودھ بیچنے پر 33 لاکھ 66 ہزار سے زائد کے جرمانے کیے گئے جب کہ 4 افراد کو جیل بھیجا گیا ہے۔

ڈیری فارم ایسوسی ایشن نے موقف اپنایا کہ جس ایکٹ کے تحت دودھ کی قیمت مقرر کی جا رہی ہے وہ ختم ہوچکا ہے۔ عدالت نے کراچی میں دودھ کی قیمت 94 روپے فی کلو برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے 5 دسمبر تک دودھ کی قیمت سے متعلق ایکٹ اور قانون سازی کی رپورٹ طلب کرلی۔