جامعہ کراچی اور ائیر لفٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

624

ایئر لفٹ پرائیوٹ لمیٹڈ پاکستان جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو مخصوص کرائے کے عوض ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرے گی۔

جامعہ کراچی اور ایئر لفٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جبکہ ایئر لفٹ پرائیوٹ لمیٹڈ پاکستان کی طرف سے ہیڈ آف پارنٹرشپ اسد قمر نے دستخط کئے۔

اس مفاہمتی یادداشت کے مطابق ایئر لفٹ پرائیوٹ لمیٹڈ پاکستان جامعہ کراچی کے طلباوطالبات اور جامعہ آنے والے دیگر افراد کو مخصوص کرائے کے عوض ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرے گی۔ایئرلفٹ جوکہ ایک ایپ بیس بیسڈ ٹرانسپورٹ سروس ہے جوطلباوطالبات اور ان کے والدین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص روٹس کا کرایہ پچاس روپے وصول کرے گی۔

علاوہ ازیں مذکورہ ٹرانسپوٹ کمپنی جامعہ کراچی کے داخلہ ٹیسٹ اور سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر طلباوطالبات اور ان کے والدین کو بلامعاضہ ان ہی مخصوص روٹس پرٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرے گی۔ایئر لفٹ کمپنی طلبہ کی سہولت کے پیش نظر وقتاً فوقتاً اپنے روٹس میں اضافہ بھی کرتی رہے گی۔ایئرلفٹ کمپنی کی گاڑیوں میں طلبااور ان کے والدین کی سہولت کے پیش نظر سیکیورٹی کیمرے لگانے کے ساتھ ساتھ ٹریکنگ کی سہولت فراہم کرنے جیسے منصوبے بھی شامل ہیں۔

ایئر لفٹ اپنی اسپانسر شپ کے تحت طلبہ کی سرگرمیوں کی معاونت بھی کرے گی۔جامعہ کراچی خصوصی انتظارگاہ اور ایئر لفٹ کی رجسٹرڈ گاڑیوں کو جامعہ کراچی کے مختلف حصوں میں جگہ فراہم کرے گی۔