پی ای سی ایچ ایس میں گیس پائپ لائن پھٹ گئی، متعدد علاقے متاثر

776

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں کھدائی کے دوران گیس پائپ لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی شدید متاثر ہوگئی ہے۔

ایس ایس جی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ پانچ سے چھ گھنٹوں میں مرمت کا کام مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد گیس کی فراہمی معمول کے مطابق شروع ہو جائے گی۔

اس ضمن میں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پی ای سی ایچ ایس میں ریلوے لائن کے قریب کھدائی کا کام جاری تھا کہ اچانک گیس پائپ لائن اس کی زد میں آگئی۔ گیس پائپ لائن پھٹنے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام اور اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے سب سے پہلے گیس کی فراہمی کو بند کیا تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار حادثہ رونما نہ ہو سکے۔

ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق گیس پائپ لائن پھٹنے سے منظورکالونی، محمود آباد، چنیسرگوٹھ، ڈیفنس فیزون اور ٹو، ریلوے کالونی، گزری اور کشمیر کالونی میں گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ پی این ایس الشفا اور نیول کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی متاثر ہے۔

ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق مرمتی کام کے دوران درج بالا تمام علاقوں میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند رہے گی۔ انہوں نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ شب گیارہ بجے کے بعد گیس پر چلنے والے تمام آلات مکمل طور پر بند رکھیں۔

ترجمان کا مؤقف ہے کہ مرمتی کام میں تقریباً پانچ سے چھ گھنٹے کا وقت لگے گا جس کے بعد گیس کی فراہمی معمول کے مطابق شروع کردی جائے گی۔